Jesus Christ Is the Great Deliverer!

یِسُوع مسِیح جلِیلُ القدر چُھڑانے والا!
    جب ہم فروتنی اور صبر کے ساتھ اپنے عہد کی پاس داری کرتے ہیں، تو مُنّجی ہماری مُصیبتوں میں ہمارے پاس آئے گا اور چُھٹکارے کی یقین دِہانیاں دے گا۔

یِسُوع مسِیح جلِیلُ القدر چُھڑانے والا ہے!

کیا آپ نے کبھی خُود کو الگ تھلگ محسُوس کِیا ہے، اپنی قدر و قِیمت کے مُتعلق سوچا ہے، کسی اَیسے شخص کو کھویا ہے جسے آپ نے چاہا ہو، کسی بیماری کا سامنا کِیا ہو، خاندانی مُشکلات کا تجربہ کِیا ہو، یا کوئی اَیسا بوجھ اُٹھایا ہو جسے کوئی اور نہ دیکھ سکے؟ آج میرا پیغام یہ ہے کہ یِسُوع مسِیح راست بازوں کو اِن سب اور فانی زِندگی کی ہر دُوسری مُصیبت سے چُھراتا ہے۔

یِسُوع مسِیح سب چیزوں کے نیچے اُترا اور ”ہر قِسم کے دُکھوں اور مُصیبتوں اور آزمایشوں“ کو برداشت کِیا؛ پَس، وہ ہماری تکلیفوں کو سمجھتا ہے، رحم سے لبریز ہے، اور جانتا ہے کہ ہماری کم زوریوں میں ہماری مدد کیسے کی جائے۔ كامِل سمجھ بُوجھ اور لامحدُود قُدرت کے ساتھ، وہ راست بازوں کو ہمیشہ کے لیے، سب چیزوں سے چُھڑا سکتا ہے۔ اُس کا چُھٹکارا یقینی ہے؛ زیادہ تر راست باز پیروکاروں کے لیے سوال یہ نہیں ہے کہ آیا وہ چُھڑائے گا، بلکہ یہ ہے کہ وہ اَیسا کیسے اور کب کرے گا۔

ہمارے خاندان نے ایک اچانک آزمایش اور خُداوند کے چُھٹکارے کا تجربہ کِیا جب ہم قائدینِ مِشن کے طور پر اپنی خِدمت شُروع کرنے کے لیے دو گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔ ایک تعمیراتی عِلاقے میں گاڑی چلاتے ہُوئے، ایک بڑے سیمی ٹرک سے دو بڑے ٹائر کُھل کر اِنتہائی تیز رفتاری میں دونوں گاڑیوں سے ٹکرا گئے۔ ایئر بیگز کُھل گئے، گاڑیاں تباہ ہو گئیں، اور ہم سڑک کے کِنارے بے یار و مددگار کھڑے رہ گئے یہ سوچتے ہُوئے کہ یہ سب کیوں ہُوا جب کہ ہم نے سب کُچھ خُداوند کی خِدمت کے لیے وقف کر دِیا تھا۔

اُس لمحے، رُوح نے ہمیں اِطمینان بخشا کہ: سب کُچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ہمیں فوراً آزمایش سے چُھٹکارا نہیں مِلا، لیکن اُس یقین دِہانی نے ہمیں چُھٹکارے کی اُمید دی جو آنے والا تھا۔ بُہت سے شاندار لوگوں کی مدد کے ساتھ، ہم وقت پر پُہنچ گئے اور بغیر کسی سنگین چوٹ کے اپنا مِشن شُروع کِیا۔

اُس فری وے شاہراہ کا تجربہ اِلہٰی چُھٹکارے کے صحیفائی نمُونے کو واضح کرتا ہے: مُخالفت دِل کو چِیر دینے والے سوالات اور جذبات لاتی ہے، مُخلصانہ تلاش یقین دِہانیاں بخشتی ہے، مسِیح کا فضل ہمیں برداشت کرنے اور بڑھنے کے قابِل بناتا ہے، اور چُھٹکارا شافی کے مُقررہ وقت اور طریقے سے آتا ہے۔

آئیں اِس نمُونے کے ہر حِصّے پر غور کریں۔

مُخالفت، دِل کو چِیر دینے والے سوالات، اور جذبات

مُخالفت سب پر آتی ہے، یہاں تک کہ راست بازوں پر بھی۔ یہ دِل کو چِیر دینے والے سوالات اور گہرے جذبات پیدا کر سکتی ہے، جیسے لِبرٹی جیل سے جوزف سمِتھ کی پُکار، ”اَے خُدا، کہاں ہے تُو؟“ یا ہیلیمن کے نوجوان سپاہیوں کا غم اور خوف۔ اَیسے سوالات اور جذبات گُناہ یا کم زوری نہیں ہیں؛ وہ مُقدّس فِضا پیدا کر سکتے ہیں جہاں مُختاری کو عمل میں لایا جاتا ہے اور ہم چُناؤ کرتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی طرف رُجُوع کریں یا نہیں۔

مُخلصانہ رُوحانی تلاش

مُخلصانہ تلاش کا مطلب ہے دِل کی گہرائیوں سے دُعا، مقصد کے ساتھ روزہ، اور صحائف کے مُطالعہ کے ذریعے آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کی طرف رُجُوع کرنا۔ ایلما کے لوگ اَسِیری میں، ”چِلا چِلا کر خُدا سے فریاد کرنے لگے۔“ دارا بادشاہ نے رات بھر فاقہ کِیا جب وہ دانی ایل کے شیروں کی ماند سے چُھٹکارے کا مُنتظر تھا۔ اِیمان کے اَیسے اَعمال ہمیں یِسُوع مسِیح کے قریب تر لاتے ہیں۔

چُھٹکارے کی یقین دِہانیاں

جیسے ہی ہم فروتنی اور صبر کے ساتھ اپنے عہد کی پاس داری کرتے ہیں، تو مُنّجی ہماری مُصیبتوں میں ہمارے پاس آئے گا اور چُھٹکارے کی یقین دِہانیاں دے گا۔ صحائف میں بُہت سے لوگوں نے مسِیح میں چُھٹکارے کے لیے اِطمینان، اِیمان، اور اُمید کی یقین دِہانی حاصِل کی۔

بہن کینزی برِنکرہوف کی بھی اُس کی مُصیبتوں میں خبرگِیری کی گئی اور اُسے مُقدّس یقین دِہانیاں عطا کی گئیں۔ اپنے مِشن سے گھر واپس آنے سے پہلے آخِری تیاری کے دِن، اُس کے والد، کیلی، نے صُبح سویرے فون کرکے اُسے بتایا کہ وہ اُس سے پیار کرتا ہے، اُس پر فخر کرتا ہے، اور جلد ہی اُسے گلے لگانے کے لیے پُرجوش ہے۔ اِنتہائی اَفسوس ناک طور پر، اُسی رات کام سے گھر واپس جاتے ہُوئے، کیلی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور وہ وفات پا گیا۔ جب مَیں اور میری اَہلیہ کینزی کو یہ خبر مِلنے کے کُچھ ہی دیر بعد وہاں پُہنچے، تو وہ شدید غم میں مُبتلا تھی۔ اُس کے آنسُوؤں کے درمیان یہ دِل کو چِیر دینے والا سوال نِکلا: ”صدر، یہ کیسے ہو سکتا ہے جب مَیں اپنے والِد کو گلے لگانے سے صِرف ایک ہفتے کی دُوری پر تھی؟“

کُچھ ہفتوں بعد مَیں نے فون کرکے پُوچھا کہ وہ اپنے والِد کی وفات کے غم سے کیسے نِمٹ رہی ہے، اور اُس نے کہا: ”پچھلے کُچھ ہفتے میری زِندگی کے سب سے زیادہ تکلیف دہ اور سب سے زیادہ مُقدّس اوقات رہے ہیں۔ مَیں اپنے عہُود پر کبھی بھی اِتنے مضبُوط عزّم کے ساتھ قائم نہیں رہی۔ مَیں جانتی ہُوں کہ یِسُوع جانتا ہے کہ اِس درد کا اِحساس کیسا ہوتا ہے، اور وہ مُجھے شِفا دے گا۔“

یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلے سے برداشت کرنے کی قُوت پانا

یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلے سے برداشت کرنے کی قُوت ہمیں مضبُوط کرتی ہے کہ ہم ”خُوشی سے وہ تمام چیزیں کریں جو ہمارے اِختیار میں ہیں“ اور پھر ”بےحد یقین سے پُرسکون رہ سکتے ہیں، کہ خُدا کی نجات دیکھیں اور اُس کے بازُو کا ظہُور ہو۔“ یہ فضل مُصیبت کے دَرد اور دُشواری کو ختم نہیں کرتا؛ بلکہ یہ اَیسی تقویت بخش قُدرت ہے جو ہمیں، اپنا سب کُچھ کرنے کے بعد، اپنی طاقت سے بڑھ کر اِلہٰی قُدرت حاصِل کرنے اور یِسُوع مسِیح کے وسِیلے اَبَدی وعدوں کو تھامنے کے قابل بناتی ہے۔

جب کینزی دُعا، فرماں برداری، اور عہد کی پاس داری میں آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ بندھ جاتی ہے، تو وہ اُس کی مدد فرماتے ہیں کہ وہ اُن چیزوں کو برداشت کرے جو وہ اپنے بَل بُوتے پر سہہ نہیں سکتی۔ اَیسا ہی تقویت بخش فضل اُن سب کو مُیسر ہے جو یِسُوع مسِیح کی طرف راغِب ہوتے ہیں۔

اُس کے مقررہ وقت اور طریقے کے مُطابق چُھٹکارا

جب ہی ہم خُداوند کا اِنتظار کرتے اور اُس پر اِیمان کی مشق کرتے ہیں، ضرُوری ترقی اور رُوحانی وُسعت مِلتی ہے، اور مسِیح ہمیں ہماری مُصیبتوں سے چُھڑاتا ہے اور اُنھیں ہمارے فائدے کے لیے مُقدّس کرتا ہے۔ وہ اَیسا اپنے مُقررہ وقت اور طریقے سے کرتا ہے۔

کینزی اور اُن سب کے واسطے جو اِلہٰی چُھٹکارے کے مُنتظر ہیں، مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُداوند اپنے چُھٹکارے میں نہ تو تاخیر کرتا ہے، نہ اُس سے غافِل ہوتا ہے، اور نہ ہی کوتاہی برتتا ہے۔ اُس نے آپ کو فراموش نہیں کِیا۔ وہ آپ کی مُصیبت پر ہرگز خُوش نہیں ہوتا۔ تاہم، وہ جانتا ہے کہ اِنتظار کے دَوران سیکھے گئے اَسباق اَیسی تبدیلی لانے والی نشوونُما کا باعث بن سکتے ہیں جو پہلے مُخلصی مِل جانے کی صُورت میں شاید حاصل نہ ہوتے۔

مگر اُن لمحات کا کیا جب اَیسا لگتا ہے کہ بُہت دیر ہو چُکی ہے، نُقصان ناقابلِ تلافی ہو چُکا ہے، اور چُھٹکارا نامُمکن دِکھائی دیتا ہے؟ یقیناً، جب یائیر کو یہ خبر مِلی کہ اُس کی بیٹی مَر چُکی ہے تو اُس نے ضرُور محسُوس کِیا ہوگا کہ وقت گُزر چُکا ہے اور چُھٹکارا نامُمکن ہے۔ مگر یِسُوع نے فرمایا: ”خَوف نہ کر، فقط اِعتقاد رکھ۔“ اُس یقین دِہانی پر بھروسا کرتے ہُوئے، یائیر نے دیکھا کہ مُنّجی نے اُس کی بیٹی کو مَوت سے چُھٹکارا دِیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یِسُوع مسِیح کے پاس چُھٹکارا دینے کی لامحدُود قُدرت ہے اور جو کُچھ وہ کر سکتا ہے اُس کی کوئی حد نہیں۔

جب چُھٹکارا نامُمکن محسُوس ہو، تو ایلڈر پیٹرک کیرون کی گواہی یاد رکھیں: ”یِسُوع بظاہر نامُمکنات کو مُمکن بنانے میں ماہر ہے۔ وہ یہاں نامُمکن کو مُمکن بنانے، ناقابلِ مُخلصی کو مُخلصی کے قابل بنانے، ناقابلِ شِفا کو شِفا دینے، ناقابلِ اِصلاح کو دُرست کرنے، اور ناقابلِ وعدہ باتوں کا وعدہ کرنے کے لیے آیا۔ اور وہ اِن کاموں میں واقعی ماہر ہے۔ دَرحقیقت، وہ اِن کاموں میں کامِل ہے۔“

وہ سب جو زِندگی کے دَرد، خَوف، اور تنہائی کا مُسلسل سامنا کر رہے ہیں، مَیں اُن کے لیے مسِیح کے اَلفاظ دُہراتا ہُوں، ”خَوف نہ کر، فقط اِعتِقاد رکھ۔“ اپنے مُقررہ وقت اور طریقے کے مُطابق، یِسُوع مسِیح آپ کو چُھڑائے گا۔ کُچھ مُعجزے فوراً برپا ہوتے ہیں، کُچھ طویل اِنتظار کے بعد ظاہر ہوتے ہیں، اور کُچھ روزِ قیامت کے مُنتظر ہیں۔

کاش ہم اپنے ”جلِیلُ القدر چُھڑانے والے“ کی تسلّی بخش آواز سُنیں، اُس پر اِیمان رکھیں، اور عمل پیرا ہوں، جب وہ فرماتا ہے، ”مَیں گُمشُدہ کی تلاش کرُونگا، اور خارج شُدہ کو واپس لاؤںگا، اورشِکستہ کو باندُھوں گا، اور بِیماروں کو تقویت دُوں گا۔“ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح اَب اور ہمیشہ کے لیے، جلِیلُ القدر چُھڑانے والا ہے، یِسُوع مسِیح کے نام پر، !آمین

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے